قاسم رونجھو
بی این پی کے سینیٹر قاسم رونجھو کی میڈیا ٹاک پر ان کے بیٹے جہانزیب قاسم رونجھو نے اپنے وضاحتی بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ ووٹ کے بعد پارٹی پالیسی کے تحت والد کو استعفا دینے کا کہا گیا، میرے والد سینیٹر قاسم رونجھو نے استعفا دینا مناسب سمجھا۔ اے آروائی نیوز کے مطابق بیٹے جہانزیب قاسم رونجھو نے کہا کہ میرے والد سینیٹر قاسم رونجھو سے زبردستی پریس کانفرنس کرائی گئی، پریس کانفرنس میں بیان الفاظ پارٹی کمیٹی نے زبردستی بولنے کو کہا۔
کیا یہ زیب دیتا ہے کہ سیاست کی آڑ میں ایک عمر رسیدہ شخص کو استعمال کریں؟ پارٹی کی جانب سے یہ غیراخلاقی اور غیر سنجیدہ عمل ہے جس کی مذمت کرتا ہوں، میرے والد سینیٹر قاسم رونجھو کو پالیسی کے تحت خبروں کی زینت بنایا گیا۔
70سال سے زائد عمر کے میرے والد سینیٹر قاسم رونجھو کو ہفتہ وار ڈائیلسز کرانا ہوتا ہے۔ یاد رہے بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کے منحرف سینیٹر قاسم رونجھو نے سینیٹ رکنیت سے استعفیٰ دیدیا، سینیٹر قاسم رونجھو نے سیکرٹری سینیٹ کو استعفیٰ جمع کرا دیا، قاسم رونجھو سینیٹ میں بی این پی مینگل کے پارلیمانی لیڈر بھی ہیں، سربراہ بلوچستان نیشنل پارٹی سردار اختر مینگل نے اپنے دونوں سینیٹرز سے استعفیٰ طلب کیا تھا، قاسم رونجھو نے پارٹی پالسی سے منحرف ہو کر 26 ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دیا تھا،قاسم رونجھو کے ساتھ نسیمہ احسان نے بھی 26 ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دیا تھا۔
اختر مینگل نے دونوں اراکین سے ترمیم منظوری کی شام ہی استعفیٰ طلب کیا تھا۔ واضح رہے کہ دو روز قبل بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے سربراہ سردار اختر مینگل نے 26ویں آئینی ترامیم کے حق میں ووٹ دینے والے اپنے دونوں سینیٹرز کو سینیٹ سے مستعفی ہونے کی ہدایت کی تھی۔ سربراہ بی این پی سردار اختر مینگل نے سینیٹر نسیمہ احسان اور سینیٹر قاسم رونجھو کو مستعفی ہونے کا کہا تھا۔
بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر یہ کل تک نہ کیا گیا تو آپ دونوں کو پارٹی سے برطرف کردیا جائے گا۔ سماجی رابطے کے پلیٹ فار م ایکس(ٹوئیٹر) پر سردار اختر مینگل نے اپنے ٹوئیٹ میں لکھا تھاکہ بلوچستان نیشنل پارٹی سینیٹر نسیمہ احسان اور سینیٹر قاسم رونجھو کو فوری استعفیٰ دینے کا حکم دیا جاتا ہے ۔ قبل ازیں بلوچستان نیشنل پارٹی کی سینیٹر نسیمہ احسان نے کہا تھا کہ ان پر آئینی ترامیم کے حق میں ووٹ دینے کا پریشر تھا۔ اختر مینگل نے کا یہ بھی کہنا تھا کہ میری پارٹی کے سینیٹر قاسم رونجھو اسلام آباد میں ڈائیلاسز کرانے گئے تھے جہاں سے انہیں بیٹے سمیت اغوا کرلیا گیا۔ لیکن بعدازاں قاسم رونجھو نے اس کی تردید کی تھی۔